بنگلورو،18؍فروری(ایس او نیوز)سابق وزیراعلیٰ او ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ضمنی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے کانگریس کے پاس امیدوار نہیں ہیں۔ آج میسور کے سرکاری گیسٹ ہاؤز میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک قومی سیاسی جماعت ہونے کا دعویٰ کرنے والی کانگریس کو ننجنگڈھ اسمبلی حلقہ ضمنی چناؤ لڑنے کیلئے طاقتور امیدوار میسر نہیں ہے، جس کی وجہ سے پچھلے انتخابات میں جنتادل (ایس) کے ٹکٹ پر چناؤ لڑنے والے کیشو مورتی کے آگے کانگریس نے گھٹنے ٹیک دئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمران ہوتے ہوئے ریاست میں کانگریس کی اگر یہ قابل رحم حالت ہے تو آنے والے دنوں میں اس کا کیا ہوگا اس کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ گنڈل پیٹ اور ننجنگڈھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات میں جے ڈی ایس اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ایسے وقت میں جبکہ بی جے پی نے پچھلی میعاد میں آپریشن کمل کیا تھا اس وقت بھی جنتادل (ایس) نے پوری ہمت کے ساتھ انتخابات کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہاکہ جنتادل (ایس) میں کسی طرح کا انتشار نہیں ہے، کانگریس نے کیشو مورتی کو پارٹی میں لے کر ننجنگڈھ سے میدان میں اتار نے کی کوشش بسیار کی تھی ، لیکن کیشو مورتی نے انہیں وعدہ کیا ہے کہ کسی بھی حال میں وہ جنتادل (ایس ) نہیں چھوڑیں گے اور وہی ضمنی انتخابات میں پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا کے اس بیان پر کہ جنتادل (ایس) کا ریاست میں کانگریس کے ساتھ مقابلہ نہیں کیاجاسکتا۔ کمار سوامی نے کہاکہ شمال مشرقی حلقہ سے کونسل انتخابات میں جنتادل (ایس) نے اپنے امیدوار کی کامیابی کے ذریعہ کانگریس پر اپنی بالا تری ثابت کردی ہے، جبکہ کانگریس امیدوار نرنجن نے اپنی ضمانت ضبط کروالی۔ اگلے اسمبلی انتخابات میں150سیٹوں پر کامیابی کا دعویٰ کرنے والی بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے پاس فی الوقت جتنی سیٹیں ہیں،اگر وہ بھی برقرار رکھ لے تو اس کی بہت بڑی کامیابی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے انتخابات میں جنتادل (ایس) ریاستی عوام کے اعتماد کو جیتنے میں کامیاب ہوگی۔ وہ ریاستی عوام کو باور کروائے گی کہ قومی سیاسی جماعتیں ان کے مفادات کی حفاظت میں پوری طرح ناکام رہی ہیں۔ بحیثیت علاقائی سیاسی جماعت جنتادل (ایس) ریاستی عوام کے مفادات کی کھل کر نمائندگی کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اور کانگریس امیروں اور سرمایہ داروں کی پارٹی ہے ، اور جنتادل (ایس) غریبوں کی جماعت ، اس کے پاس نہ وسائل ہیں اور نہ ہی بھاری رقومات کی فکر، وزیر اعلیٰ کے دست راست رکن کونسل گووند راجو کے گھر پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپے اور ڈائری ضبط کئے جانے کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گووند راجو نے اخباری کانفرنس کرکے یہ اعتراف ضرور کیا ہے کہ ان کے گھر سے محکمۂ انکم ٹیکس نے ڈائری ضبط کی ہے۔ اسی لئے اس کی جانچ ہونی چاہئے۔